ہندوستان: تمل ناڈو میں سمندری طوفان کا قہر، 18 افراد ہلاک
ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں سمندری طوفان مچونگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی میں تباہ کن سمندری طوفان "مچونگ" اور موسلا دھار بارش کے نتیجے میں 18 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ مرنے والوں میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل ہے۔
چینئی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق سمندری طوفان مچونگ کے نتیجے میں مسلسل تین دن سے ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، سمندری طوفان نے منگل کو باپٹلا کے قریب آندھرا پردیش کے ساحل کو عبور کیا لیکن پیچھے بھاری تباہی چھوڑ گیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ 25 گاؤں سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔
اب علاقائی محکمہ موسمیات نے راحت کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ طوفان کمزور ہو گیا ہے اور اس کے اثرات سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوگا۔