دہلی میں دنیا کے سب سے بڑے اردو میلے "جشن ریختہ" کا آغاز، آئندہ ماہ دبئی میں انعقاد
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں دنیا کے سب سے بڑے اردو میلے "جشن ریختہ" کا آغاز ہوگیا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں دنیا کے سب سے بڑے اور مشہور اردو ادبی میلے "جشن ریختہ" کا شاندار آغاز ہوگیا۔ سہ روزہ جشن ریختہ کا افتتاح محفل خانہ کے عظیم پنڈال میں ادارہ کے بانی سنجیو صراف نے کیا۔ جمعہ کے روز منعقدہ افتتاحی تقریب میں مشہور اردو شاعر اور مصنف جاوید اختر شریک تھے۔
سنجیو صراف نے اپنے خطاب میں "ریختہ" کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ریختہ کی سرگرمیوں میں آنے والی تیزی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح کتابوں کے ڈیجیٹلائزیشن کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ سنجیو صراف نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی ریختہ کی سرگرمیاں گجراتی زبان میں بھی سامنے آئیں گی کیونکہ ریختہ گجراتی زبان میں اپنی ویب سائٹ لانچ کرنے والا ہے۔
سنجیو صراف نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آئندہ ماہ جشن ریختہ کا اہتمام دبئی میں ہوگا، جس کی تیاریاں جاری ہیں۔ اردو کے معروف شاعر مصنف جاوید اختر نے اپنے خطاب میں ریختہ اور بانی ریختہ کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ گزشتہ روز شروع ہونے والا جشن ریختہ اس سلسلے کا آٹھواں ایڈیشن ہے۔
واضح رہے کہ جشن ریختہ کے آٹھویں ایڈیشن میں 150 سے زیادہ فنکاروں کی شرکت ہوگی اور 4 اسٹیجوں سے 60 سے زیادہ پروگراموں کا انعقاد عمل میں آئے گا اور ان پروگراموں میں صف اول کے ادیب وشعرا شرکت کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق جشن ریختہ کی افتتاحی تقریب کی تفصیل ادارہ نے ہندی میں جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دی ہے۔ علاوہ ازیں، بتایا جاتا ہے کہ اس بار پہلے کے مقابلے تھوڑی کم بھیڑ دیکھنے کو ملی کیونکہ ریختہ کی جانب سے اس بار ٹکٹ کا انتظام کیا گیا ہے، پہلے کی طرح مفت داخلہ نہیں ہے۔