ہندوستانی پارلیمنٹ کی نئی عمارت دنیا کی سب سے محفوظ عمارت ہے: بی جے پی کا دعوی غلط ثابت ہوا
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے حکمراں بی جے پی پر پارلیمنٹ میں سیکیورٹی کے مسئلے پر سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے سینچر کو نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی، وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امت شاہ بقول ان کے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے مسئلے میں سیاست کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے اوراس نے عدالت میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ دہشت گردانہ حملہ ہے۔انھوں نے کہا کہ حزب اختلاف اس واقعے کو سیکیورٹی میں چوک کا مسئلہ کہتی ہے بنابریں اپوزیشن نہیں بلکہ خود حکومت اس مسئلے پر سیاست کررہی ہے۔
کانگریس جنرل سیکریٹری نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا دعوی ہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کی نئی عمارت دنیا کی سب سے محفوظ عمارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے نے اس دعوے کے برعکس ثابت کیا ہے اور حکومت سیکورٹی کے معاملے کو اٹھانے والے اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر رہی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے سوال کیا کہ جس ایم پی نے ان نوجوانوں کو پاس دیا تھا وہ کون ہے؟ کانگریس جنرل سیکریٹری نے الزام لگایا کہ حکومت اس ایم پی کے خلاف کچھ بھی نہیں کر رہی ہے جس سے ان نوجوانوں کو پاس دیا تھا۔