Dec ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ناگپور کی ایک فیکٹری میں دھماکہ، 9 افراد کی درد ناک موت

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کےعلاقے ناگپور میں ایک فیکٹری میں دھماکہ ہونے سے کم سے کم 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے ناگپور علاقے میں واقع دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے میں آج اتوار کی صبح زور دھماکہ ہونے کے نتیجے میں کم سے کم 9 افراد کی دردناک موت ہوگئی۔

صبح تقریباً 9 بجے ہونے والے اس زوردار دھماکے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے اور ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ دھماکے کے وقت فیکٹری میں کتنے کارکن موجود تھے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق، دھماکے کے بعد، تقریباً 200 افراد کے ایک ہجوم نے، جس میں مقامی افراد اور فیکٹری کارکنان کے رشتہ دار شامل تھے، فیکٹری کے داخلی دروازے کا محاصرہ کیا اور نعرے لگائے۔ ہجوم نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے لاشوں کو دیکھنے کے لیے احاطے تک رسائی کا مطالبہ کیا۔ بعد میں پولیس نے ہجوم کو منتشر کردیا۔

اطلاعات کے مطابق مشتعل مقامی لوگوں اور فیکٹری ملازمین کے رشتہ داروں نے فیکٹری کے باہر امراوتی ناگپور روڈ کو بھی بند کر دیا۔

دریں اثنا، مہاراشٹر کی ریاستی حکومت نے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس