Dec ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کورونا نے پھر پیر پھیلائے، 5 افراد کی موت، خوف کا ماحول

ہندوستان میں کورونا وائرس ایک بار پھر پیر پھیلا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں 5 افراد کی جان لے چکا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر اپنے پیر پھیلانے شروع کر دیئے ہیں، نئے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور یہ بیماری گزشتہ 24 گھنٹے میں 5 افراد کو موت کی نیند سلا چکی ہے۔ ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اتوار کے روز 335 نئے کیس سامنے آئے جس سے فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 1701 ہوگئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اس خطرناک وائرس نے دو ریاستوں میں 5 افراد کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔ ایک شخص کی موت اترپردیش میں اور 4 افراد کی موت کیرالہ میں ہوئی ہے۔ ریاست کیرالہ میں ہی کووڈ کی نئی قسم جے این۔1 کے کیس سامنے آئے ہیں۔

کیرالہ کی ایک معمر خاتون میں کووڈ کے نئے ویرینٹ کی علامتیں پائی گئیں لیکن اب وہ ٹھیک ہوچکی ہیں البتہ کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے کہا ہے کہ ریاست میں کووڈ کے نئے ویرینٹ کی وجہ سے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو احتیاط برتنے اور ہوشیار رہنے کی صلاح دی۔

ٹیگس