ہندوستان: گیان واپی مسجد کیس، مسلم فریق کی ساری درخواستیں مسترد
الہ آباد ہائی کورٹ نے وارانسی کے گیان واپی مسجد تنازعہ کیس میں مسلم فریق کی تمام پانچوں درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ نے آج منگل کو وارانسی کے گیان واپی مسجد تنازعہ کیس میں مسلم فریق کی تمام پانچوں درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 1991 کے مقدمے کے ٹرائل کی بھی منظوری الہ آباد ہائی کورٹ نے دے دی ہے۔ ہائی کورٹ نے وارانسی کی عدالت کو 6 مہینے کے اندر کیس کی سماعت مکمل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ جن پانچ درخواستوں پر جسٹس روہت رنجن اگروال کی سنگل بینچ نے اپنا فیصلہ سنایا ہے ان میں سے تین درخواستیں وارانسی کی عدالت میں سنہ 1991 میں دائر کیس کی برقراری سے متعلق تھیں جبکہ باقی دو درخواستیں اے ایس آئی کے سروے آرڈر کے خلاف دائر کی گئی تھیں۔
ہائی کورٹ نے اے ایس آئی سروے کیس میں مسلم فریق کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔ فیصلے کے بعد، صرف اے ایس آئی کی طرف سے کرایا گیا سروے ہی درست ہوگا۔ اگر وہ کچھ اور سروے کرنا چاہتے ہیں تو ہندو فریق عدالت میں درخواست دائر کر سکتا ہے۔