قطر میں سزائے موت کا سامنا کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکاروں کو اپیل کرنے کی مہلت مل گئی
قطر کی جیل میں بند ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو اپیل کرنے کی مہلت مل گئی ہے۔ ان اہلکاروں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطر کی جیل میں بند ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کی قانونی ٹیم کو قطر کے اپیل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 60 دن کی مہلت مل گئی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دی ہے۔
قطر کے اپیل کورٹ نے گزشتہ ماہ مبینہ جاسوسی کیس میں ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کی سزائے موت کو تبدیل کر کے انہیں الگ الگ مدت کی سزا سنائی تھی۔ یہ فیصلہ ہندوستانی شہریوں کے اہل خانہ کی جانب سے ایک اور عدالت کے سابقہ حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کے کئی ہفتے کے بعد آیا تھا۔
دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ قانونی ٹیم کے پاس عدالتی حکم ہے جو خفیہ ہے البتہ رندھیر جیسوال نے تصدیق کی کہ اب بحریہ کے ان اہلکاروں کو سزائے موت کا سامنا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کی اعلیٰ ترین عدالت میں اس کیس کی اپیل کے لیے دو ماہ (60 دن) کی مہلت ہے اور قانونی ٹیم اس پر کام کر رہی ہے۔ گزشتہ ماہ قطر کی ایک عدالت نے بحریہ کے سابق اہلکاروں کو سنائی گئی سزائے موت کو ختم کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ26 اکتوبر سنہ 2023 کو قطر کی ایک عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے سابق فوجی اہلکاروں کو موت کی سزا سنائی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکاروں کو سنائی گئی جیل کی سزا تین سال سے لے کر 25 سال تک ہے۔
یاد رہے کہ ایک نجی کمپنی کے لئے کام کرنے والے ہندوستانی شہریوں کو گزشتہ سال اگست میں مبینہ جاسوسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ہندوستان اور قطر، دونوں ممالک کے، حکام نے ان کے خلاف الزامات کو عام نہیں کیا ہے۔