ہندوستان: آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد "انڈیا" کی سرگرمیاں تیز
ہندوستان میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کا وقت جیسے جیسے نزدیک آتا جا رہا ہے خاص طور سے اپوزیشن اتحاد "انڈیا" کی سرگرمیاں بھی تیز تر ہوتی جا رہی ہیں اور کوشش یہ کی جا رہی ہے کہ "اتحاد" ہی اتحاد ہی رہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان میں آئندہ 3-4 مہینے میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد "انڈیا" نے بھی اپنی سرگرمیاں تیزتر کر دی ہیں۔ دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اسی سلسلے میں آج ہفتے کے روز مذکورہ اتحاد کا ایک ورچوئل اجلاس ہوا۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران کی کوآرڈنیشن کمیٹی کا یہ اجلاس تھا۔
اس اہم اجلاس کے بعد کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ سیٹ شیئرنگ کے معاملے میں اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران بات چیت کے ذریعہ مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، سبھی اس سلسلے میں کافی خوش بھی نظر آ رہے ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اس سلسلے میں ہو رہی پیش رفت سے سبھی پارٹیوں کے لیڈران بھی خوش ہیں اور یہ کہ سیٹوں کی تقسیم پر جاری بات چیت سے سبھی پارٹیاں مطمئن ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں کیا۔
ملکارجن کھڑگے نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ورچوئل میٹنگ میں اس تعلق سے بھی گفتگو ہوئی کہ انڈیا اتحاد میں شامل سیاسی پارٹیوں کی طرف سے مشترکہ پروگرام منعقد کیے جائیں۔