Jan ۱۴, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں، دہلی میں ہائی الرٹ جاری، کشمیر میں پینے کا پانی جم گیا

ہندوستان کے شمالی علاقے اس وقت سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں اور گھنا کہرا بھی ساتھ ساتھ ہے۔ دہلی میں سردی کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور کشمیر میں پینے کا پانی جم جانے کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق دارالحکومت دہلی اور اترپردیش سمیت ہندوستان کے شمالی علاقوں میں گھنے کہرے اور شدید سردی کی لہر ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی روز مرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں آئندہ کئی دن تک شدید سردی اور گھنا کہرا چھایا رہے گا۔ 

دارالحکومت دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں شدید سردی نے لوگوں کی عام زندگی کو متاثر کیا ہے اور ان کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایک طرف شدید سردی سے لوگوں کی حالت دگرگوں ہے تو دوسری طرف گھنے کہرے نے ریل، سڑک اور فضائی ٹریفک کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

آج، اتوار کو، صبح کے وقت دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں، این سی آر، میں اتنا گہرا کہرا تھا کہ 10 میٹر دور سے بھی کچھ نظر نہیں آرہا تھا، جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی نظر آئیں۔

یو این آئی اردو کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادھر ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سے بھی نیچے پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے کشمیر میں تو پانی بھی جم گیا۔ اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید سردی نے لوگوں کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔

 

ٹیگس