Jan ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: منی پور تشدد، خواتین مشعل ریلی کے ساتھ میدان میں

ہندوستان کی ریاست منی پور میں خواتین نے گزشتہ سال سے جاری تشدد کے خلاف مشعل ریلی نکالی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں تشدد اور قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ بدھ کو پیش آیا جب ریاست کے ضلع ٹینگنوپال کے مورہ قصبے میں عسکریت پسندوں نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دو دیگر سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

دریں اثنا، تشدد کے واقعات جاری رہنے کے خلاف ریاستی دارالحکومت امپھال میں خواتین نے ایک احتجاجی مشعل ریلی نکالی۔ ان خواتین نے گزشتہ سال سے جاری تشدد کے خلاف صوبے کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کی سرکاری رہائش گاہ کی جانب مارچ کیا۔

’میرا پائبی‘ نامی تنظیم سے وابستہ یہ احتجاجی خواتین مالوم، کیشمپت اور کواکیتھیل علاقوں سے آئی تھیں۔ انہوں نے احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ دورانِ احتجاج ان خواتین نے وزیر اعلیٰ کی سکریٹریٹ میں بھی گھسنے کی کوشش کی مگر پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

احتجاجیوں نے مورہ اور منی پور کے دیگر علاقوں میں ہوئے حالیہ فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تشدد برپا کرنے والی تنظیموں کے ساتھ سسپنشن آف آپریشن (ایس او او) سمجھوتے کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یہ سمجھوتہ 22 اگست 2008 کو مبینہ طور پر تشدد میں ملوث تنظیموں کے ساتھ سیاسی بات چیت شروع کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 مئی کو وادی کے اکثریتی میتھئی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے اکثریتی کوکی برادری کے درمیان تشدد کی شروعات ہوئی تھی جس کے بعد سے منی پور مسلسل تشدد کی اگ میں جل رہا ہے۔ اس تشدد میں اب تک 180 سے زائد لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

ٹیگس