Jan ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جھارکھنڈ کے 11 ہزار کے انعامی لاپتہ وزیر اعلیٰ کا پتہ چل گیا، رانچی میں اپنے گھر پر سامنے آئے

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ، جو دو دن سے مبینہ طور پر لاپتہ تھے، آج منگل کو رانچی میں اپنے گھر پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین دہلی میں واقع اپنے گھر سے اتوار کی رات کو چلے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں تھا، وہ نہ تو جھارکھنڈ پہنچے اور دہلی میں بھی دکھائی دیئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ، ای ڈی، ہیمنت سورین سے مالی بدعنوانی کے ایک مبینہ کیس میں تفتیش کر رہی ہے اور ای ڈی کی ٹیم آخری بار دہلی میں ان کے گھر پیر کی صبح پہنچی تھی۔ پیر کی صبح تقریبا 9 بجے سے رات 10 بجے تک ای ڈی کی ٹیم دہلی میں ہیمنت سورین کے گھر پر رہی تھی۔

ہمینت سورین کے بارے میں کچھ پتہ نہ چلنے پر میڈیا رپورٹوں کے مطابق جھارکھنڈ کے ریاستی بی جے پی صدر نے ان کی گم شدگی کا ایک اشتہار "ایکس" پر جاری کردیا جس میں ہیمنت سورین کے بارے میں اطلاع دینے والے کو 11 ہزار روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ہیمنت سورین کی پارٹی جے ایم ایم کے کارکنوں نے پیر کو رانچی میں ای ڈی کے خلاف ایک ریلی نکالی تھی اور پارٹی کے ترجمان نے ای ڈی کی کارروائی کو غیرضروری اور غیر قانونی قرار دیا تھا۔

 

ٹیگس