ہندوستان: گیان واپی مسجد میں ہندو فریق کو پوجا کرنے کی اجازت، مسلم فریق کو بڑا جھٹکا
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی ایک عدالت نے قدیم گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں ہندو فریق کو پوجا کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: وارانسی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گیانواپی مسجد معاملہ میں عدالت نے ہندو فریق کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے اس کو مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے انتظامیہ کو ایک ہفتے کے اندر اندر مسجد میں پوجا کا بند و بست کئے جانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عدالت کے اس فیصلے کے بعد اب گیان واپی مسجد میں مستقل طور پر پوجا کی جائے گی۔ ہندو فریق نے اس فیصلے کو اپنی بڑی جیت قرار دیا ہے جبکہ مسلم فریق نے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ وارانسی کے گیان واپی کیمپس میں واقع ویاس تہہ خانے میں پوجا کرنے کے حق کے مطالبے کی درخواست پر کل، منگل، کی سماعت کے بعد ضلع جج نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جس پر آج فیصلہ سنا دیا گیا۔