ہندوستان: گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج، دکانیں بند
ہندوستان کے شہر بنارس کی گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں ہندوؤں کو پوجا کی اجازت دیئے جانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف شہر کے مسلمانوں نے آج احتجاج کے طور پر اپنے کار وبار بند رکھے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دو روز قبل بنارس کی مقامی عدالت نے ہندوؤں کو گیان واپی مسجد کے ایک تہہ خانے میں پوجا کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد ہندو پجاریوں نے وہاں پوجا بھی کی۔
عدالت کے اس فیصلے کے خلاف آج جمعہ کو بنارس شہر کے مسلمانوں نے احتجاجاً اپنا کاروبار بند رکھا اور نمازجمعہ میں خصوصی دعائيں کی۔ اس موقع پر بنارس شہر اور خاص طور پر گیان واپی مسجد کے آس پاس سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی جبکہ سیکیورٹی فورسز نے فلیگ مارچ بھی کیا۔
انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے اس ملک کے تمام مسلمانوں خاص طور سے بنارس شہر کے مسلمانوں سے کہا تھا کہ وہ نمازجمعہ میں خصوصی دعائيں کریں اور جمعہ کے دن اپنی دکانیں بند رکھیں۔
مسلمان فریق نے بنارس کی مقامی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چلینج کیا تھا جہاں آج الہ آباد ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اترپردیش کی حکومت کو حکم دیا کہ وہ مسجد والے پورے علاقے کی حفاظت کرے اور وہاں کسی طرح کا کوئی نقصان نہ ہو نے دے اور نہ ہی کوئی نئی تعمیر کی جائے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے مسجد کے تہہ خانے میں پوجا پر پابندی بھی نہیں لگائی۔ مقدمے کی اگلی سماعت چھے فروری کو ہو گی۔