ہندوستان: فاروق عبداللہ نے بھی "انڈیا" کا ساتھ چھوڑا
ہندوستان میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد این ڈی اے سے مقابلے کی غرض سے تشکیل پانے والے "انڈیا" اتحاد کو ایک کے بعد ایک جھٹکے لگ رہے ہیں اور اب فاروق عبداللہ نے بھی "انڈیا" کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کی سبھی 5 لوک سبھا سیٹوں پر اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق فاروق عبداللہ نے کہا کہ پارٹی کشمیر کی تمام سیٹوں پر اکیلے ہی الیکشن لڑے گی۔ فاروق عبداللہ نے اپنے فیصلے سے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فاروق عبداللہ کو "انڈیا" الائنس کا سب سے قابل اعتماد شریک سمجھا جاتا تھا لیکن اب ان کی پارٹی نے بھی "انڈیا" کا دامن چھوڑ دیا ہے۔ یہ انڈیا اتحاد کے لیے ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔
بہار کے نتیش کمار پہلے ہی انڈیا اتحاد سے خود کو الگ کرکے این ڈی اے میں شامل ہوچکے ہیں اور بی جے پی کے ساتھ مل کر بہار میں حکومت بنا چکے ہیں۔ وہیں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکی ہیں۔
جبکہ عآپ (عام آدمی پارٹی) اور کانگریس نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ پنجاب میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات اکیلے لڑیں گے کیونکہ ان کے ریاستی رہنما وہاں اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔