Feb ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • جموں کشمیر کی خاندانی سیاست پر نریندر مودی کی شدید تنقید

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے وادی کشمیر میں پہلی الیکٹرک ٹرین کوہری جھنڈی دکھائی جس کی کشمیری رہنما فاروق عبداللہ نے تعریف کی۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے اس ملک کے زیرانتظام جموں کشمیر میں آج تیس ہزار پانچ سو کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جن میں تعلیم، ریلوے اور روڈ سے متعلق ترقیاتی کام شامل ہيں۔

ہندوستانی وزیراعظم نے وادی کشمیر میں پہلی الیکٹرک ٹرین اور سنگلدان اور بارا مولہ اسٹیشن کے درمیان ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ہندوستانی وزیر اعظم کے اس اقدام کی نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور جموں کشمیر میں حزب مخالف کے رہنما فاروق عبداللہ نے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جو کام کر رہی ہے اس کی ہمیں ضرورت ہے، یہ اقدامات ہمارے سیاحتی شعبے اور کشمیری عوام کے لئے بہت ہی اہم ہيں، اس کے لئے میں وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو سفر میں کافی دشواریاں ہوتی تھیں، اب ریل سروس سے ہمارا سفر آسان ہوجائے گا، اس کی ہمیں بہت ضرورت تھی. انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ وہ انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد نہيں کریں گے بلکہ اکیلے ہی الیکشن لڑیں گے۔

فاروق عبداللہ نے بی جے پی کی قیادت والے الائنس این ڈی اے میں شامل ہونے کی خبروں کو بھی مسترد کردیا تاہم انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم یا وزیر داخلہ انہيں بلائيں گے تو وہ ضرور ان سے ملنے جائيں گے۔

فاروق عبداللہ نے مودی کے کاموں کی تعریف ایک ایسے وقت کی ہے جب آج ہی ہندوستانی وزیر اعظم نے جموں کشمیر میں جلسے کو خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر میں ماضی میں خاندانی سیاست کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کنبہ پروری کی سیاست نے جموں کشمیر کو آگے نہيں بڑھنے دیا۔

ٹیگس