ہندوستان: اسرائيل جانے والے جہازوں پر سامان لوڈ کرنے سے انکار
واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ہتھیاروں سے لیس کنٹینر سے سامان اتاریں گے نہ اس پر لوڈ کریں گے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ خبروں کے مطابق واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن آف انڈیا نے اپنے ممبران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب کسی ایسے بحری جہاز کو نہ سنبھالیں جو فوجی سازوسامان لے کر اسرائیل جا رہا ہو۔
فیڈریشن نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔ فیڈریشن نے ہندوستانی خبررساں ادارے دی وائر کو بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فوجی ساز و سامان سے لدے ایسے کسی بھی کنٹینر کو ہینڈل نہیں کریں گے جو اسرائیل کو مزید خواتین اور بچے مارنے میں مدد دے جیسا کہ ہم ہر روز خبروں میں دیکھ اور پڑھ رہے ہیں۔
اس فیڈریشن نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیل کے حملے کہ جس نے ہزاروں فلسطینیوں کو خاک و خون میں غلطاں کردیا ہے، ایسے میں اسرائیل کے لئے ہتھیاروں کو لے جانا اس کو اپنا قتل عام جاری رکھنے میں مزید طاقتور بنائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن آف انڈیا، ہندوستان کی گيارہ بڑی بندرگاہوں پر ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ورکرز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم ہے۔