ہندوستان: دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے نئے شاہی امام کی تاج پوشی
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے نئے شاہی امام کی تاج پوشی کردی گئی ہے، نئے شاہی امام سید شعبان بخاری ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے نئے شاہی امام کے طور پر سید شعبان بخاری کی تاجپوشی کردی گئی ہے۔ شب براٴت کے موقع پر یہ عمل انجام پایا۔ اس موقع پرجامع مسجد کے احاطے میں منعقدہ ایک باوقار نشست میں ملک و بیرونِ ملک کی اہم شخصیات شریک تھیں۔
شاہی امام کے عہدے پر فائز ہونے سے پہلے سید شعبان بخاری نائب شاہی امام کے فرائض ادا کر رہے تھے۔ ان کو شاہی امام کے عہدے پر فائز کرنے سے متعلق ان کے والد سید احمد بخاری نے پہلے سے اعلان کردیا تھا اور اس کے لیے 25 فروری (شبِ برأت) کا دن مقرر کیا گیا تھا۔ تاجپوشی کے لیے منعقدہ اجتماع میں اپنے بیٹے کو شاہی امام کا عہدہ سونپتے اور اپنا جانشین مقرر کرتے وقت سید احمد بخاری نے کہا کہ "جامع مسجد دہلی کی روایت رہی ہے کہ امام وقت اپنی زندگی میں ہی اپنے بیٹے کو اپنا جانشین مقرر کر دیتا ہے۔"
سید احمد بخاری نے مزید کہا کہ "میں منصبِ امامت کی تقریباً پونے 4 سو سالہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے علما و مفتیانِ کرام، مشائخ، مصلیان و عمائدین شہر کی موجودگی میں اپنے فرزند سید شعبان بخاری کو اپنا جانشین مقرر کر رہا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ عز و جل سید شعبان بخاری کو خاندانی روایت کا محافظ بنائے۔"
بتایا جاتا ہے کہ شہنشاہ شاہ جہاں نے اس مسجد کی تعمیر کے بعد بخارا (اب ازبکستان) کے بادشاہ سے کسی عالم دین کو امامت کے غرض سے بھیجنے کے لیے کہا تھا۔ بخارا کے بادشاہ نے سید عبدالغفور شاہ بخاری کو دہلی بھیجا، 24 مئی 1656 کو انہیں جامع مسجد کی امامت کے منصب پر فائز کیا گیا۔ اس کے بعد شاہجہاں نے انہیں شاہی امام کا خطاب دیا جو آج تک مستعمل ہے۔