Feb ۲۸, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جھارکھنڈ میں بھیانک ٹرین حادثہ، ٹرین کی زد میں آکر کم سے کم 12 افراد کی موت

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے علاقے جام تاڑا میں بدھ کی رات ایک بھیانک ٹرین حادثہ ہوا ہے جس میں اب تک کم از کم 12 افراد کی موت کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جام تاڑا میں کالاجھریا کے پاس پیش آیا ہے جہاں ٹرین کی زد میں آنے سے کم سے کم 12 افراد کی موت ہو گئی تاہم ریلوے کے محکمے نے فی الحال دو اموات کی ہی تصدیق کی ہے جبکہ جام تاڑا کے رکن اسمبلی عرفان انصاری نے تین اموات کی بات کہی ہے۔ اس دردناک حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے لوگ اَنگ ایکسپریس پر سوار تھے، اچانک کسی نے اَنگ ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ پھیلا دی۔ افواہ کی وجہ سے کئی مسافر چلتی ٹرین سے قریبی ریلوے ٹریک پر کود گئے۔ اسی درمیان سامنے سے آ رہی جھاجھا آسنسول ٹرین ٹریک پر موجود مسافروں کے اوپر سے گزر گئی۔

ادھرکچھ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جامتاڑا کرماٹانڈ کے درمیان کالاجھریا ریلوے ہالٹ پر تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایک ٹرین رکی تھی تو کچھ مسافر ٹرین سے اتر کر ریلوے ٹریک پر کھڑے ہوگئے،  تبھی وہاں سے ایک دیگر ٹرین گزری جس کی زد میں کئی لوگ آ گئے۔ میڈیکل تیمیں اور ایمبولنس موقع پر پہنچ چکی ہیں۔

حادثے کی خبر ملتے ہی ریلوے پولیس اور مقامی انتظامیہ کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال روانہ کیا۔ مقامی لوگ بھی امداد رسانی میں پولیس و انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

ٹیگس