Mar ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست آسام میں نریندر مودی کے دورے کے موقع پر سی اے اے کے خلاف 30 سے زیادہ تنظیموں کا احتجاج کا اعلان

ہندوستان کی ریاست آسام میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر 9 مارچ کو شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کے نفاذ کے اعلان کے خلاف 30 سے زیادہ تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ریاست کے دورے کے موقع پر 9 مارچ کو پارلیمانی انتخابات سے پہلے شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کے نفاذ کے اعلان کے خلاف آل آسام اسٹوڈینٹس یونین (اے اے ایس یو) سمیت 30 سے زیادہ تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 30 مقامی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اے اے ایس یو کے صدر اُتپل شرما نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف سپریم کورٹ میں کئی کیس چل رہے ہیں لہٰذا ایسے حالات میں سی اے اے کے نفاذ کا اعلان کرنا عوام کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "آسام کے لوگوں نے کبھی بھی سی اے اے کو قبول نہیں کیا ہے اور اگر اسے نافذ کیا جاتا ہے تو وہ اس سمت میں اٹھائے گئے ہر قدم کی مخالفت کریں گے۔ قانونی لڑائی کے ساتھ ہم مرکز کے فیصلے کے خلاف جمہوری اور پرامن تحریک کو جاری رکھیں گے۔"

اُتپل شرما نے کہا کہ سی اے اے مخالف تحریک 4 مارچ کو ہر ضلع ہیڈکوارٹر میں موٹر سائیکل ریلیوں کے ساتھ شروع ہوگی اور مشعل بردار جلوس بھی نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ضلع ہیڈکوارٹر میں مشعل بردار جلوس نکالیں گے اور اس کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج بھی کریں گے۔ شرما نے کہا، جب وزیر اعظم 8 مارچ کو آسام آئیں گے تو اے اے ایس یو اور 30 ​​دیگر تنظیمیں ان 5 نوجوانوں کی تصویروں کے سامنے چراغ جلائیں گے جو سنہ 2019 میں سی اے اے مخالف مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 8 مارچ سے آسام کا دو روزہ دورہ کریں گے اور کئی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پہلے ہی اپنی تقریروں میں سی اے اے کے نفاذ کا اعلان کر چکے ہیں۔ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) پر انہوں نے کہا تھا کہ یہ قانون 2019 میں پاس ہوا تھا اور اسے لوک سبھا انتخابات سے پہلے نافذ کیا جائے گا۔

ٹیگس