Mar ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: گوتم گمبھیر کے بعد ایک اور بی جے پی ایم پی نے الیکشن لڑنے سے انکار کردیا

ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات میں اب زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے لہٰذا سیاسی گرمیوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ گوتم گمبھیر کے بعد اب ایک اور بی جے پی رکن پارلیمان نے الیکشن لڑنے سے منع کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ہزاری باغ سے بی جے پی کے رکن پارلیمان جینت سنہا نے بھی آئندہ الیکشن میں حصہ لینے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اقتصاد اور حکمرانی سے متعلق مسائل پر پارٹی کے ساتھ اور اس کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

ہزاری باغ (جھارکھنڈ) سے بی جے پی ایم پی جینت سنہا شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت بھی ہیں

بی جے پی ایم پی جینت سنہا نے انتخابی فرائض سے فارغ کرنے کی درخواست کی ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں تمام انتخابی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیں۔

جینت سنہا سے پہلے آج صبح مشرقی دہلی کے رکن پارلیمان اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے بھی آئندہ پارلیمانی انتخابات نہ لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

مشرقی دہلی کے رکن پارلیمان گوتم گمبھیر نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے انہیں سیاسی ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کی درخواست کی تھی۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میں مستقبل میں اپنے شوق یعنی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے دہلی کے لوگوں کی خدمت کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگس