Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • بی جے پی پارلیمانی امیدوار پر ملک دشمن لوگوں کا دفاع کرنے کا عآپ کا سنگین الزام، ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ

ہندوستان میں عنقریب ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لئے مرکز کی حکمراں جماعت بی جے پی اپنی پہلی فہرست جاری کرچکی ہے لیکن بعض امیدواروں نے، جن کو پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا ہے، سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہے تو بعض امیدواروں پر الزامات لگنے شروع ہوگئے ہیں۔ انہیں میں سے ایک ہیں بانسوری سوراج، جن پر عآپ نے ملک دشمنوں کا دفاع کرنے کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کی بیٹی بانسوری سوراج کو بی جے پی نے نئی دہلی پارلیمانی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔ اس سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر میناکشی لیکھی کو اس بار ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کی وکیل بانسوری سوراج کو نئی دہلی حلقے سے بی جے پی نے امیدوار بنایا ہے لیکن عام آدمی پارٹی (عآپ) نے ان کی امیدواری پر سوال اٹھائے ہیں۔ دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے بانسوری سوراج پر عدالت میں ملک دشمن لوگوں کا دفاع کرنے کا بڑا سنگین الزام لگایا ہے۔

دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے الزام لگایا ہے کہ بانسوری سوراج عدالت میں ملک دشمن لوگوں کا دفاع کرتی ہیں۔ آتشی نے الزام لگایا کہ "نئی دہلی سیٹ سے میناکشی لیکھی کا ٹکٹ کاٹا گیا ہے اور ٹکٹ ایک ایسے شخص  کو دیا گیا ہے جس نے عدالت میں ملک دشمن لوگوں کا بار بار دفاع کیا ہے۔ بانسوری سوراج کے مشہور مؤکل للت مودی ہیں، جو ملک سے فرار ہیں۔ اس کے علاوہ منی پور تشدد میں جب دو خواتین کو برہنہ کیا گیا تھا تو وہ ملزمان کے دفاع کے لیے کھڑی ہوئیں، چندی گڑھ کے جھوٹے میئر کی جانب سے بانسوری سوراج کھڑی ہوئیں۔ بانسوری سوراج سے اپیل ہے کہ وہ  ملک سے معافی مانگیں  اور بی جے پی نئی دہلی سے اپنا امیدوار تبدیل کرے۔"

ٹیگس