ہندوستانی وزیراعظم کا دورہ سرینگر، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات
ہندوستان کے وزیراعظم نے آج سرینگر کا دورہ کیا اور بخشی اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی کے دورے کے لئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔
آئین کی دفعہ تین سترکی تنسیخ اور جموں کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد نریندر مودی کا یہ پہلا دورہ سرینگر ہے۔
پورے سری نگر میں ہر قسم کے ڈرون اور کوآڈ کاپٹروں کی پرواز پرپابندی لگادی گئی اور کئی سڑکیں عام ٹریفک کے لئے بند کردی گئيں۔ اس کے علاوہ بخشی اسٹیڈیم کو جہاں نریندرمودی نے عوامی جلسے سے خطاب کیا، اسپیشل پروٹیکشن فورس نے اپنے حصار میں لے رکھا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی کے خطاب کے سے پہلے ہی بخشی اسٹیڈیم لوگوں سے بھر گیا تھا جنہیں تلاشی کے بعد اسٹیڈیم ميں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
جمعرات کی دو پہر سرینگر پہنچنے پر لیفٹینینٹ گورنر سمیت اعلا حکام نے ان کا استقبال کیا۔
نریندر مودی نے سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم ميں اپنی تقریر کے دوران کئی ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کیا جن میں پانچ ہزار کروڑ روپے کی مالیت کا ایک زرعی معاشی پروگرام اور سیاحت کی ترقی کے لئے متعدد پروگرام شامل ہیں۔