Mar ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ماہ رمضان میں اردو اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا کرناٹک حکومت کا اہم فیصلہ

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں، جہاں کانگریس پارٹی کی حکومت ہے، رمضان المبارک کے دوران اردو اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق کرناٹک کی ریاستی حکومت کی وزارت تعلیم نے رمضان المبارک میں اردو اسکولوں کے لئے نیا ٹائم ٹیبل جاری کیا ہے۔ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق ریاست کے اردو اسکولوں میں ماہ رمضان کے دوران صبح 8 بجے سے پڑھائی شروع ہوگی اور دوپہر 12.45 بجے تک جاری رہے گی۔

ریاستی محکمہ تعلیم نے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام اردو اسکولوں میں پڑھائی کا وقت کم کردیا ہے۔ اس سرکیولر کے مطابق اب طلبہ کو صبح 10 بجے کے بجائے 8 بجے اسکول جانا ہوگا اور شام 4.20 کے بجائے دوپہر 12.45 بجے انہیں اسکول سے چھٹی مل جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق ماہ رمضان کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی یہ تبدیلی سرکاری، امدادی اور غیر امدادی اداروں میں اردو پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں نافذ ہوگی۔

میڈیا رپورٹ کے محکمہ تعلیم کے فیصلے کے مطابق دیگر اسکولوں میں مسلم طلبہ کو کلاس ختم ہونے سے آدھا گھنٹہ پہلے چھٹی کی اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کا آغاز 11 مارچ کو چاند نظر آنے کی صورت میں 12 مارچ سے ہوگا جو 9 یا 10 اپریل تک جاری رہے گا۔ کرناٹک کے محکمہ تعلیم نے ماہ رمضان کے دوران اردو اسکولوں کے اوقات کو تبدیل کرنے کا حکم دے کر مسلم طلبہ و اساتذہ کو اس ماہ مبارک میں رعایت دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے اس فیصلے کا مسلمانوں کی جانب سے استقبال کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس