Mar ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دنیا کی طویل ترین سرنگ کا افتتاح 

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست ارونا چل پردیش میں دنیا کی طویل ترین سرنگ کا افتتاح ہوگیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہفتے کے دن اروناچل پردیش میں دنیا کی طویل ترین سرنگ کا افتتاح کردیا۔ دنیا کی سب سے لمبی سرنگ 'سیلا ٹنل' اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں بنائی گئی ہے۔ یہ سرنگ 13000 فٹ کی بلندی پر تعمیر کی گئی ہے۔

نریندر مودی نے اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں دنیا کی سب سے لمبی سرنگ 'سیلا ٹنل' سمیت کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ یہاں "ترقی یافتہ ہندوستان، ترقی یافتہ شمال مشرق" پروگرام میں نریندر مودی نے کہا کہ پورے شمال مشرق میں ترقیاتی کام چار گنا تیزی سے چل رہے ہیں۔ آج مجھے ترقی یافتہ شمال مشرق کے اس جشن میں شمال مشرق کی تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔

ہندوستان میں ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہمارا شمال مشرق ہندوستان کی تجارت، سیاحت اور جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کے ساتھ دیگر تعلقات کی مضبوط کڑی بننے جا رہا ہے۔ آج یہاں 55 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے خاص طور پر شمال مشرق کو ذہن میں رکھتے ہوئے مشن پام آئل شروع کیا تھا۔ آج اس مشن کے تحت پہلی آئل مل کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ مشن ہندوستان کو خوردنی تیل کے معاملے میں نہ صرف خود انحصار بنائے گا بلکہ یہاں کے کسانوں کی آمدنی بھی بڑھے گی۔

ٹیگس