Mar ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اب گجرات یونیورسٹی میں نماز پڑھنے کی وجہ سے غیرملکی مسلم طلبا پر حملہ

ہندوستان کی ریاست گجرات میں گزشتہ رات نماز تراویح پڑھنے کی وجہ سے غیر ملکی مسلم طلبا پر حملہ کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع گجرات یونیورسٹی میں گزشتہ رات نماز تراویح پڑھنے کی وجہ سے کچھ افراد نے غیر ملکی مسلم طلبہ کی پٹائی کردی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم افغانستان اور دیگر ممالک کے مسلم طلبا پر رات گئے کچھ لوگوں نے حملہ کیا جو زعفرانی گمچھے ڈالے ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آور جے شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے ہاسٹل کے احاطے میں گھس گئے اور غیر ملکی طلبا کو زد و کوب کیا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ طلبا پر پتھراؤ کیا گیا اور ہاسٹل میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ جن طلبا پر حملہ ہوا ہے ان کا تعلق افریقی ممالک، افغانستان اور ازبکستان سے بتایا گیا ہے۔ 

طلبا کو کھلے عام بے دردی سے پیٹا گیا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے پورے معاملے کی تحقیق شروع کر دی ہے۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے اس معاملے پر ڈی جی پی اور کمشنر کو طلب کیا ہے۔ اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

ادھر مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اس معاملے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ کتنے شرم کی بات ہے۔ آپ کی عقیدت اور مذہبی نعرے تبھی سامنے آتے ہیں جب مسلمان پرامن طریقے سے اپنے مذہب پر عمل کرتے ہیں۔ مسلمانوں کو دیکھ کر آپ کو غیر ضروری طور پر غصہ آتا ہے۔ اگر یہ بڑے پیمانے پر بنیاد پرستی نہیں ہے تو پھر کیا ہے؟  یہ نریندر مودی اور امت شاہ کی آبائی ریاست ہے۔ کیا وہ ایک مضبوط پیغام بھیجنے کے لیے مداخلت کریں گے؟

 

ٹیگس