Apr ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  •  میں دہشت گرد نہیں ہوں میرا نام اروند کیجریوال ہے

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے جیل سے عوام کے لئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرا نام اروند کیجریوال ہے اور میں دہشت گرد نہیں ہوں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کے مرکزی رہنما اور راجیہ سبھا کے ممبر سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ دہلی کے وزیراعلیٰ نے جیل سے لوگوں کو پیغام بھیجا ہے کہ میرا نام اروند کیجریوال ہے، میں دہشت گرد نہیں ہوں۔

سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کر رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم مودی اپنی بدنیتی میں اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ کیجریوال کے خاندان اور بچوں سے ملاقات شیشے کی دیوار کے پیچھے سے کرائی جا رہی ہے۔

سنجے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو زیڈ پلس سیکورٹی حاصل ہے مگر جب وہ اروند کیجریوال سے ملے تو ان کے درمیان شیشے کی دیوار تھی۔

انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے اس کارروائی سے یہ دکھا دیا ہے کہ اسے اروند کیجریوال سے نفرت ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا ان پر تشدد کرنے کا منصوبہ ہے، ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کے خاندان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان نے تہاڑ جیل میں دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ دہلی کے وزیراعلی کے ساتھ جیل میں سخت گیر مجرم جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے اروند کیجریوال کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں اکیس مارچ کو گرفتار کیا تھا اور اس کے بعد عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔

ٹیگس