ہندوستان کے عام انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ کل، سب کی نظریں انتخابی نتائج پر
ہندوستان کے عام انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ کی تیاری مکمل ہوگئی ہے اور کل آخری مرحلے کے لئے ووٹ ڈالے جائيں گے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق انیس اپریل سے شروع ہونے والے عام انتخابات کے آخری مرحلے کے لئے کل سنیچر کو ووٹ ڈالے جائيں گے ۔ پورے ملک کی نگاہ آخری مرحلے کے بعد چار جون کو آنے والے نتائج پر ہوگی، اس بار کے انتخابات میں حکمراں اور اپوزیشن دونوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
وزیراعظم مودی نے ڈیڑھ سو سے زائد انتخابی ریلیوں کو خطاب کیا جبکہ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی ایک سو سے زائد انتخابی جلسوں کو خطاب کیا جبکہ اس معاملے میں سب سے زیادہ بہار کے سیاسی رہنما تجسوی یادو رہے جنھوں نے دو سو اکیاون انتخابی جلسوں کو خطاب کیا۔
اس درمیان انڈیا الائنس کے رہنما اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنے کارکنوں اور پارٹی کے حامیوں سے کہا ہے کہ بی جے پی کے افراد جھوٹ پھیلا کر اپوزیشن کے کارکنوں کا حوصلہ پست کرنا چاہتے ہيں لیکن آپ کو ووٹوں کی گنتی والے دن پوری طرح چوکس رہنا ہوگا تاکہ بقول ان کے بی جے پی کوئی دھاندلی نہ کرسکے ۔
اکھلیش یادو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ پوری طرح ہوشیار رہيں کیونکہ بی جے پی ووٹنگ ختم ہوتے ہی یہ دعوی کرنا شروع کردے گی کہ اسے تین سو سیٹیں ملنے والی ہیں اس لئے میں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بی جے پی کے ایکزیٹ پول کے دھوکے میں نہ آئيں اور ای وی ایم مشینوں کی کڑی نگرانی کریں۔