ہندوستان کے عوام نے آئین کو بچانے کے لیے بہت بڑا قدم اٹھایا : راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے سامنے آ رہے نتائج کے دوران پریس کانفرنس کی ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یہ لڑائی آئین کو بچانے کے لیے تھی ۔ جب بینک اکاؤنٹ فریز کر دیا گیا اور جب وزرائے اعلیٰ کو جیل میں ڈالا گیا تو مجھے یقین تھا کہ ہندوستانی عوام ان کی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آپ نے آئین کو بچانے کے لیے پہلا اور سب سے بڑا قدم اٹھالیا ہے۔ ہم حکومتی اداروں کے خلاف لڑے، جہاں بھی اتحاد ہوا ہم ایک ہو کر لڑے ۔ کانگریس نے ملک کو ایک نیا ویژن دیدیا ہے۔ ہم ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ کل انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی میٹنگ ہے۔ اتحادی لیڈر جو بھی فیصلہ کریں گے وہی حتمی فیصلہ ہوگا۔ ہم اپنے اتحادیوں اور ساتھیوں سے بات کرنے کے بعد ہی فیصلہ کریں گے کہ حکومت سازی کے بارے میں کیا کرنا ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ لڑائی مودی اور عوام کے درمیان تھی ۔ عوام نے یہ جنگ جیت لی ہے۔ یہ جمہوریت کی جیت ہے۔ یہ وزیراعظم نریندر مودی کی اخلاقی شکست ہے۔ ہم عوامی رائے کو قبول کرتے ہیں ۔ عوام نے کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں دی ہے۔ وزیراعظم نے کانگریس کے منشور کے بارے میں جو جھوٹ پھیلایا، اس کو عوام سمجھ گئے۔ یہ الیکشن مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
کھڑگے نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کے دورے سے کانگریس کو فائدہ ہوا ہے۔ کانگریس انصاف کی ضمانت لے کر آئی ہے، عوام نے اس پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ عوام سمجھ گئے کہ اگر بی جے پی کو مزید طاقت دی گئی تو اگلا حملہ آئین اور ریزرویشن پر ہوگا۔ عوام نے بی جے پی کی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔