ہندوستان: منی پور میں پر تشدد واقعات کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ
ہندوستان کی ریاست منی پور میں ایک بار پھر تشدد پھوٹ پڑا ہے اور ریاستی حکومت نے ضلع جریبام میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست منی پور میں دوبارہ تشدد پھوٹ پڑنے کی وجہ ایک افسر نے بتاتے ہوئے کہا کہ شورش پسندوں نے ایک انسٹھ سالہ شخص کو قتل کردیا، اور جب اس کی لاش برآمد ہوئی تو مقامی لوگ اس تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے لگے اور کچھ مقامات پر آگ لگا دی ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے جمعرات کی شب سے ہی کرفیو نافذ کردیا گيا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کشیدگي بھرے ماحول میں جمعے کی صبح حالات قدرے بہتر رہے-
مذکورہ افسر کے مطابق جریبام پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے لوگوں نے انتخاب کے دوران ان سے لی گئی لائسنس یافتہ بندوقیں انتخاب ختم ہونے کے بعد واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے لوگوں سے امن بنائے رکھنے کی اپیل کی۔
اس افسر کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کی غیر قانونی سرگرمیوں کے سبب علاقے میں بلوہ و فساد ہونے کا اندیشہ ہے۔ مقامی انتظامیہ نے پانچ یا اس سے زیادہ اشخاص کے جمع ہونے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔