Jun ۰۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: نریندر مودی کی تقریب حلف برداری، این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے تقریب کا بائیکاٹ کیا

ہندوستان میں بی جے پی قیادت میں این ڈی اے کی تیسری بار حکومت بن چکی ہے اور نریندر مودی وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں لیکن اس درمیان این ڈی اے میں شامل جماعت این سی پی کے لیڈر پرفل پٹیل کے ذریعہ تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کئے جانے کی خبریں ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق آج اتوار کی شام ایوان صدر راشٹر پتی بھون میں بی جے پی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد، این ڈی اے، کی لگاتار تیسری بار حکومت قائم ہوگئی اور نریندر مودی نے اپنے 40 کابینی وزرا کے ساتھ عہدے اور رازداری کا حلف اٹھایا لیکن اسی کے ساتھ خبریں ہیں کہ این ڈی اے میں شامل جماعت این سی پی(اجیت پوار گروپ)کے لیڈر پرفل پٹیل نے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق این سی پی کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن پرفل پٹیل نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کرتے ہوئے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کردیا۔ پرفل پٹیل نے کہا ہے کہ انہیں وزارت مملکت (آزادانہ چارج) کی پیش کش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے مسترد کر دیا۔ پرفل پٹیل پہلے منموہن سنگھ کی حکومت میں کابینی وزیر رہ چکے ہیں۔

دریں اثنا این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ "ہمیں وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کا عہدہ دیا جا رہا تھا جسے ہم نے منع کردیا۔" انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں لگا کہ جب پرفل پٹیل جی کابینی وزیر رہ چکے ہیں تو وزیر مملکت کا عہدہ لینا ٹھیک نہیں ہے۔"

 

 

 

ٹیگس