Jun ۰۹, ۲۰۲۴ ۲۱:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں یاتریوں کی بس پر حملہ، 10 افراد ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع ریاسی میں واقع ایک گُپھا میں درشن (زیارت) کے لئے جانے والی یاتریوں کی بس پر فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: جموں سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع ریاسی میں واقع شیو کھوڑی گُپھا میں درشن کے لئے یاتریوں کو لے جا رہی بس پر فائرنگ ہوئی ہے جس میں کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس فائرنگ میں 33 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بس پر فائرنگ کے بعد اس کا ڈرائیور بس پر کنٹرول نہیں رکھ سکا اور بس گہری کھائی میں گر گئی۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں خبر ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچیں اور پولیس نے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور دو نقاب پوش تھے جنہوں نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ڈرائیور زخمی ہوگیا اور بس ایک موڑ کے قریب گہری کھائی میں جا گری۔

علاقے کے ایس ایس پی نے بتایا کہ امدادی کارروائی مکمل ہوچکی ہے لیکن ابھی ہلاک شدگان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

 

ٹیگس