Jun ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں کشمیری عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی سیکٹر میں پیر کے روز بھی کشمیری عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رہا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ہفتے کی شام فوج نے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے بعد عسکریت پسندوں کی تلاش پیر کو بھی جاری رہی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اوڑی سیکٹر میں سرچ آپریشن لانچ کیا جس کے دوران وہاں پر روپوش عسکریت پسندوں اور ہندوستان کی سیکیورٹی فورس کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دن بھرعلاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اور شام ہوتے ہی آپریشن کو اتوار کی صبح تک موخر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اتوار کو علیٰ الصبح سیکورٹی فورس نے دوبارہ آپریشن شروع کیا جس کے دوران تصادم کی جگہ ایک عدم شناخت درانداز کی لاش برآمد کی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ فوج کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دراندازی کے ذریعے عسکریت پسندوں کا ایک گروپ اس طرف آنے میں کامیاب ہوا جس کے پیش نظر ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیئے گئے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق پیر کے روز بھی کشمیری عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رہا۔

ٹیگس