Jun ۲۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیر اعظم مودی کا کانگریس پر حملہ

انڈیا اتحاد کی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ملک کے آئین کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دینے کے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی نافذ کرنے والوں کو جوابدہ ہونا چاہیے، انہیں آئین سے محبت کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنی متعدد سوشل میڈیا پوسٹوں میں نریندر مودی نے ملک کی وزیر اعظم رہ چکیں اندرا گاندھی کے ذریعے نافذ کی گئی ایمرجنسی کے لیے کانگریس پر حملہ کیا۔
انہوں نے ایمرجنسی کو 'سیاہ دن' کے طور پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلائے گا کہ کس طرح کانگریس نے بنیادی آزادیوں کو تباہ کیا اور ہندوستان کے آئین کو پامال کیا، جس کا ہر ہندوستانی دل کی گہرائیوں سے احترام کرتا ہے۔
وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ جس ذہنیت کی وجہ سے ایمرجنسی لگائی گئی تھی وہ ذہنیت آج بھی اسی پارٹی میں زندہ ہے۔ وزیر اعظم کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک پچیس جون کو ایمرجنسی کے نفاذ کے انچاس سال مکمل کر رہا ہے۔
کانگریس پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا "جن لوگوں نے ایمرجنسی نافذ کی، انہیں ہمارے آئین سے اپنی محبت کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔" یاد رہے کہ ایمرجنسی کا اعلان انچاس سال قبل 24-25 جون 1975 کی درمیانی رات کو کیا گیا تھا، جس کا سلسلہ تقریبا بیس ماہ تک جاری رہا۔

ٹیگس