نریندر مودی روس کے بعد آسٹریا پہنچ گئے
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آسٹریا پہنچ گئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق نریندر مودی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچے ہیں جہاں وہ آسٹریا کے چانسلر کارل نیہمر سے بات چیت کریں گے اور مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔
گزشتہ چار دہائیوں میں آسٹریا کا دورہ کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مودی کے دورہ روس کو کامیاب بتاتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا باعث بنا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب وزیر اعظم کا اگلا پڑاؤ آسٹریا ہے۔
ہندوستان نے روس کے دو شہروں کازان اور یکاترین برگ میں اپنے دو قونصل خانے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان وزیر اعظم مودی نے گزشتہ روس ماسکو میں مقیم ہندوستانیوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کیا۔ خیال رہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کا گزشتہ دس برسوں کے دوران یہ چھٹا دورہ روس تھا جبکہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران روسی صدر اور نریندر مودی سترہ مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔