ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ریاست میں جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: سری نگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ عسکریت پسندی ختم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بالادستی قائم کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات بلا تاخیر کرانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کے اندر ہمت ہے تو اسمبلی انتخابات کرائے اور اگر بقول ان کے حکومت بزدل ہے تو انتخابات نہ کرائے۔
عمرعبداللہ نے اسی کے ساتھ ہندوستان اور پاکستان کے روابط میں بہتری لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔
ایک صحافی نے ان سے چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہندوستانی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے امکان کے بارے میں سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہيں ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی ٹیمیں ایک دوسرے کے یہاں میچ کھیلنے نہیں جارہی ہیں اس کے لئے بقول ان کے حالات کو بہتر بنانا ہوگا۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ختم ہو اور تعلقات بہتر ہوں ۔