یوکرین کے دورے کے بعد ہندوستانی وزیراعظم مودی کی بائيڈن سےٹیلی فون پر گفتگو
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نےٹیلی فونی گفتگو میں امریکی صدر جو بائيڈن کو اپنے دورۂ یوکرین اور اس یورپی ملک میں امن و استحکام کی برقراری سے متعلق کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی وزارت خارجہ نے پیر کے دن ایک بیان جاری کیا جس میں آیا ہے کہ نریندرمودی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت پر مبنی ہندوستان کے مستقل موقف پر تاکید کی اور یوکرین میں فوری طور پر امن و امان کی برقراری کی حمایت کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی نے حال ہی میں ماسکوکا دورہ کیا تھا اور روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات کی تھی جس پر یوکرین کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد جمعے کے دن وہ کی اف گئے جہاں انہوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زلینسکی سے ملاقات میں تاکید کی کہ کوئی بھی مسئلہ میدان جنگ میں حل نہیں ہونا چاہئے۔
ہندوستان نے ابھی تک اپنے اس موقف کا کھل کر اعلان نہیں کیا ہے۔ اگرچہ نئی دہلی کے واشنگٹن کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں لیکن وہ روس پر امریکی پابندیوں میں شریک نہیں ہوا ہے اور اس نے ماسکو سے تیل کی خریداری میں اضافہ کر دیاہے۔