کینیڈین شہریوں کو ویزا نہ دینے کے سلسلے میں ہندوستانی وزارت خارجہ کی وضاحت
ہندوستانی وزارت خارجہ نے کینیڈین شہریوں کو ویزا جاری نہ کرنے کے سلسلے میں وضاحت پیش کی ہے
سحرنیوز/ہندوستان: کینیڈا کی حکومت چاہتی تھی کہ ہندوستان وہاں کے لوگوں کو ویزا دے۔ ایسی کئی رپورٹیں کینیڈین میڈیا میں بھی آئیں، جن میں ہندوستانی حکومت پر سوالات اٹھائے گئے۔ اب ہندوستانی وزارت خارجہ نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم کسی قیمت پر ملک دشمن لوگوں کو ویزا نہیں دے سکتے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے ایسی میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں جو کینیڈین میڈیا کے ہندوستان کو بدنام کرنے کے پروپیگنڈے کی ایک اور مثال ہے۔ یہ فیصلہ کرنے کا حق صرف ہندوستان کو ہے کہ ہم کس کو ہندوستانی ویزا دیں۔ ہمیں ان لوگوں کو ویزا دینے سے انکار کرنے کا حق ہے جو ہماری علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہندوستان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ہندوستان کی خودمختاری کو کمزور کرنے والوں کو ویزا دینے سے انکار کرے۔ اگر کینیڈا اس معاملے پر کوئی رپورٹ کرتا ہے یا کچھ کہتا ہے تو یہ ہندوستان کے داخلی امورمیں مداخلت کے مترادف ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ کینیڈین میڈیا میں ویزوں کے حوالے سے ہندوستان کے بارے میں تبصرہ ہندوستان کی خودمختاری میں مداخلت کے مترادف ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے کینیڈین میڈیا میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان کینیڈین کو ویزا نہیں دے رہا۔ جبکہ ہندوستان کے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے لیے ویزے مانگے جا رہے ہیں ان میں سے اکثر خالصتان کے حامی ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ کینیڈین حکومت ہندوستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔ ہم نے ان سے کینیڈا میں ہندوستان مخالف سرگرمیوں پر کئی بار بات کی اور ہم نے ہردیپ سنگھ نجر پر بھی اپنا موقف پیش کیا۔ لیکن آج تک اس نے کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جسے درست سمجھا جا سکے۔ ہر بار وہ صرف ثبوت مانگتے رہتے ہیں۔