Dec ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: پارلیمنٹ ہاؤس میں امت شاہ کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج

انڈیا گروپ کے لیڈروں نے بدھ کو وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاج کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق انڈیا گروپ کے لیڈروں نے امت شاہ کے خلاف احتجاج کے موقع پر کہا کہ انہوں نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کی ہے۔
اپوزیشن لیڈروں نے الزام لگایا کہ مسٹر شاہ نے منگل کو ایوان بالا -راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کا جواب دیتے ہوئے بابا صاحب کی توہین کی اور اپوزیشن پارٹیاں اس توہین کو قبول نہیں کریں گی۔ اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ مسٹر شاہ کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے۔
اپوزیشن جماعتوں کے اس احتجاج میں ایوان بالا- راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے، ایوان زیریں -لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران موجود تھے۔
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں بابا صاحب کی توہین کی ہے۔
کانگریس کے درج فہرست ذات کے محکمہ کے سربراہ راجیش للوتھیا نے کہا- "امت شاہ نے پارلیمنٹ میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر جی کے لیے تضحیک آمیز بیان دیا۔ یہ آر ایس ایس-بی جے پی کی منو وادی سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔ بابا صاحب کے آئین میں دلتوں، اقلیتوں اور خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ امت شاہ جی کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔

 

ٹیگس