ہندوستان: بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر شدید تنقید
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے بی جے پی کے خلاف عام آدمی پارٹی کی طرف سے جاری کردہ پوسٹ کے تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی (آپ) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر کیجریوال اقتدار کھونے کے خوف سے ذہنی توازن سے محروم ہو چکے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق مسٹر سچدیوا نے جمعہ کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسٹر کیجریوال کو اپنے ضمیر کی آواز سنائی دے رہی ہے جو کہہ رہی ہے کہ دہلی کا اقتدار اب ان سے دور ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل شام مسٹر کیجریوال نے پوروانچل کے لوگوں کو فرضی ووٹر کہا تھا، جس سے ان کے ذہن کی سیاہ سچائی ایک بار پھر سامنے آگئی، جو پہلی بار 2019 میں نظر آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کو جیل سے ضمانت مل گئی لیکن اسی دن سے ان کی سیاسی شخصیت ختم ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کے خلاف ایک نیا پوسٹر جاری کیا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ عوام فیصلہ کریں کہ دہلی کا وزیر اعلیٰ کون ہونا چاہیے۔