ہندوستان میں نکسلائٹ چھاپہ ماروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان زبردست جھڑپ، 17 ہلاک
ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کی سرحد پر سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سترہ نکسلائٹ چھاپہ مار ہلاک ہو گئے۔
ہندوستانی میڈيا کے مطابق سیکورٹی فورسز نے یہ آپریشن جمعرات کو شروع کیا تھا جو جمعہ کو ختم ہوا۔ اس دوران بیجاپور کے آس پاس کے علاقے میں کم از کم سترہ نکسلائٹ چھاپہ مار ہلاک ہوگئے۔ یہ آپریشن بیجا پور اور آس پاس کے جنگلات میں کیا گیا۔ آپریشن کے بعد بارہ نکسلائٹ چھاپہ ماروں کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئي ہيں۔ بتایا جاتا ہے کہ گیارہ سو سیکورٹی اہلکار اس مشترکہ آپریشن میں شریک تھے۔ اس کے علاوہ کوبرا بٹالین کے جوانوں نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا۔
چند روز قبل بیجاپور میں ہی نکسلائٹ چھاپہ ماروں نے بم دھماکہ کر کے سیکورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کو اڑا دیا تھا جس میں کم از کم نو سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے بعض علاقے نکسلائٹ چھاپہ ماروں کی کارروائيوں سے بری طرح متاثر ہیں۔