ہندوستان میں ایک اور خوفناک ٹرین حادثہ، 11 افراد ہلاک کئی زخمی
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہندوستان کے صوبے مہاراشٹر میں ایک بڑا ریلوے حادثہ پیش آیا ہے۔ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس المناک حادثے کے بعد پورے محکمہ ریلوے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، صوبے مہاراشٹر کے جلگاؤں سے بڑی خبر آ رہی ہے۔ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسٹیشن پر ایک ٹرین پہلے ہی روکی ہوئی تھی۔ ایسے میں کچھ مسافر ٹرین سے اتر کر پٹری پر آگئے۔ اسی وقت دوسری طرف سے کرناٹک ایکسپریس پوری رفتار سے آرہی تھی۔ اس دوران کئی مسافر دونوں ٹرینوں کے درمیان پھنس گئے اور اس المناک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ بھوساول ریلوے ڈویژن میں پیش آیا۔ ابتدائی طور پر کہا گیا کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجہ سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔ اس افواہ کی وجہ سے لوگ ٹرین سے نیچے اتر گئے۔ دوسری جانب کرناٹک ایکسپریس ٹرین تیز رفتاری سے گزر رہی تھی اور کئی لوگ اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثے میں کم از کم 11 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
جب یہ حادثہ پیش آیا تو مسافر پشپک ایکسپریس ٹرین سے اتر کر پٹری پر تھے۔ ٹرین کی زد میں آکر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے ہلاک ہونے سے موقع پر کہرام مچ گیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ ریلوے کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ یہاں سب سے بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا بڑا حادثہ کیسے ہوا؟ وزارت ریلوے کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر دلیپ کمار نے بتایا کہ پشپک ایکسپریس ٹرین سے کچھ مسافر ACP (چین پلنگ) کرتے ہوئے نیچے اترے اسی وقت کرناٹک ایکسپریس ٹرین گزر رہی تھی۔