Jan ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جرائت اور ہمت کی نشانی ہیں نیتا جی سبھاش چندر بوس: وزیر اعظم مودی

آج ہندوستان میں جنگ آزادی کے ایک عظیم ہیرو اور آزاد ہند فوج کے بانی نیتاجی سبھاش چندر بوس کا یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آج تیئس جنوری کو قومی دارالحکومت دہلی سمیت پورے ملک میں آزاد ہند فوج کے سربراہ نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمے پر پھول چڑھائے گئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق اس مناسبت سے پورے ہندوستان میں سرکاری اور عوامی سطح پر مختلف تقریبات منعقد ہوئيں جن میں ہندوستان کی آزادی میں نیتا جی اور ان کی آزاد ہند فوج کے کردار کو سراہا گیا۔

اسی کےساتھ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے آزاد ہند فوج کے بانی اور سربراہ نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان کی نیتا جی سبھاش چندر بوس جرائت اور ہمت کی علامت ہیں اور ملک آزادی کی تحریک میں ان کا کردار بے مثال ہے۔

کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، ممتاز کانگریسی رہنما راہل گاندھی، پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینیکا گاندھی اوردیگر ممتاز سیاستدانوں نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کی حب الوطنی اور ان کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

ٹیگس