مہاراشٹر میں ہوئے افسوسناک ٹرین حادثے پر راہل گاندھی نے کیا گہرے رنج و غم کا اظہار
مہاراشٹر کے جلگاؤں میں پیش آنے والے ریل حادثے پر کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے سربراہ راہل گاندھی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی فوری تحقیقات کرائی جانے اور ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مہاراشٹرا میں ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کی وجہ سے کئی لوگوں کی جانیں جانے اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے حالات پیدا ہونے کے پیچھے کی وجوہات کی تحقیقات کرکے قصورواروں کو سخت سزا دی جانی چاہیے-
رپورٹ کے مطابق حکام نے حادثے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بدھ کو یہ واقعہ پیش آیا جس میں تیرہ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوئے ہیں۔مقامی حکام نے بتایا کہ حادثے کے دوران لکھنو - ممبئی پشپک ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ پھیلنے کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس مچ گیا۔ اسی افرا تفری کے دوران کئی مسافر ٹرین سے کود گئے اور دوسری سمت سے آ رہی ٹرین کی زد میں آ گئے۔