مہاراشٹر میں ایک اور حادثہ، آٹھ کی ہوئی موت کئی زخمی
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے قریب ایک اسلحہ فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے- دھماکہ صبح گیارہ بجے کے قریب مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں واقع فیکٹری میں ہوا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ خبروں کے مطابق اسلحہ فیکٹری بھنڈارا میں صبح گیارہ بجے ہونے والے زوردار دھماکے نے دل دہلا دینے والی صورتحال پیدا کر دی- اس دھماکےمیں آٹھ ملازمین کی موت ہو گئی ہے۔ حادثے میں کئی دیگر ملازمین زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ موقع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور آخری اطلاع موصول ہونے تک، امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکہ فیکٹری کے آر کے برانچ سیکشن میں ہوا، جہاں ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کیا جاتا ہے-حکام نے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔