حیدرآباد میں بڑا حادثہ، تاریخی چارمینار کے پاس لگی آگ میں 16 افراد کی موت
حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کے قریب گلزار ہاؤس کی عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں کم از کم 16 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق، تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے گلزار ہاؤس کی عمارت میں لگی آگ اور اس دردناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور سینئر عہدیداروں کو عمارت میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق یہاں اتوار کی صبح تقریباً 6:30 بجے آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا، جہاں کئی لوگ بے ہوش پائے گئے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایک نجی اسپتال کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ آٹھ افراد کو مردہ لایا گیا ۔ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ جی کشن ریڈی اور تلنگانہ کی وزیر پونم پربھاکر بھی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گلزار ہاؤس پہنچے جہاں اے آئی ایم آئی ایم لیڈر ممتاز احمد خان بھی موجود تھے۔ جی کشن ریڈی نے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ “آگ ایک خاندان کی موتیوں کی دکان میں لگی تھی۔” ان کا گھر دکان کے بالائی منزل پر تھا۔ یہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ اس حادثے میں کئی لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔