Aug ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں یوم آزادی ، دوسروں پر انحصار کرنا خطرے سے خالی نہیں، نریندر مودی کی تقریر، اپوزیشن کا اعتراض

یوم آزادی ہند کی مناسبت سے ہندوستان کے وزیر اعظم نے ہندوستان کو ہر میدان میں خود کفیل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ نریندر مودی کی تقریر کو حزب اختلاف نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو ہر میدان میں خود کفیل بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں پر انحصار کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے لوگوں کو سودیشی اور دیسی ساختہ اشیاء کی خرید و فروخت ہندوستان کا منتر ہونا چاہئے۔

مسٹر مودی نے حکمراں پارٹی اور اپوزیشن سبھی سے اس سمت میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے انہوں نے جمعہ کو لال قلعہ سے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی ملک جتنا زیادہ دوسروں پر انحصار کرتا ہے، اس کی آزادی پر اتنا ہی سوال اٹھتا ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کی لال قلعہ سے کی گئی یومِ آزادی کی تقریر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کے موجودہ وزیر اعظم کی تقریر پرانے، دوغلے، بے جان اور تشویش ناک نکات کا مجموعہ تھی، جس میں نہ کوئی نئی سوچ نظر آئی اور نہ ہی عوامی مسائل کا سنجیدہ حل دیکھا گیا۔کسانوں کے تحفظ سے متعلق نریندر مودی کے بیانات کو بھی انہوں نے بے معنی قرار دیا۔

جے رام رمیش نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وعدوں کو بھی انہوں نے ’رسمی بیان‘ قرار دیا جو کسی عملی روڈ میپ کے بغیر دہرائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مودی کی تقریر میں اتحاد، شمولیت اور جمہوریت کی باتیں محض زبانی جمع خرچ ہیں، کیونکہ انہی کے دور میں انتخابی کمیشن سمیت اہم آئینی ادارے زوال کا شکار ہوئے۔جے رام رمیش کے مطابق تقریر کا سب سے تشویش ناک پہلو لال قلعہ سے آر ایس ایس کا نام لینا تھا، جو آئینی اور سیکولر جمہوریہ کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم صرف آر ایس ایس کو خوش کرنے کی ایک بے صبرانہ کوشش ہے، خاص طور پر اس لیے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ماہ اپنی 75ویں سالگرہ سے قبل اس تنظیم کی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 

ٹیگس