ہندوستان: راجستھان میں بس میں آگ لگنے سے 20 افراد زندہ جل گئے
مغربی راجستھان کے جیسلمیر ضلع میں بس میں آگ لگنے کا ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم سے کم 20 افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست راجستھان میں جیسلمیر سے جودھ پور جانے والی ایک بس بھیانک آتش زدگی کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 افراد ہلاک اور 16 جھُلس گئے۔ یہ اندوہناک حادثہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے کے قریب پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق چلتی بس میں اچانک آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ بس پر کُل 57 افراد سوار تھے جن میں 16 بُری جھُلس گئے۔ اب تک 20 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکي ہے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ پکار اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
اطلاعات کے مطابق آگ اتنی تیز تھی کہ کئی مُسافر اپنی سِیٹوں پر ہی جل کر ہلاک ہوگئے، مقامی لوگوں اور امدادی کارکنوں نے کسی طرح بس کا دروازہ توڑ کر کئی لوگوں کو باہر نکالا۔ حادثے میں جھُلسے ہوئے 16 مُسافروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں جودھپور کے مہاتما گاندھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
دریں اثنا کئی مسافروں کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ بس کمپنی کی لاپروائی کی وجہ سے یہ دردناک حادثہ پیش آیا ہے، جب کمپنی مسافروں سے اتنا زیادہ کرایہ لیتی ہے تو مناسب حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کرتی؟