ہندوستان: مہاراشٹر میں ایک اور علاقے کا مسلم نام بدلنے کا عمل شروع
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے ایک گاؤں "اسلام پور" کا نام سرکاری طور پر بدل کر "ایشور پور" رکھے جانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں واقع ضلع سانگلی کے "اسلام پور" گاؤں کا نام اب سرکاری طور پر تبدیل کر کے "ایشور پور" کر دیا جائے گا۔
رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ 13 اگست 2025 کو وزارت داخلہ کے خط کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ نے نام بدلنے کی تجویز کی تحقیق اور مقام کی تصدیق کرنے کے بعد نام بدلنے کی تجویز کو منظوری دی۔
اسلام پور میونسپل کونسل نے 4 جون 2025 کو شہر کا نام ایشور پور کرنے کی قرارداد منظور کی تھی۔ اس قراداد کو سانگلی کے سینئر پوسٹ آفس سپرنٹینڈنٹ اور سنٹرل ریلوے اور میراج کے اسسٹنٹ ڈویژنل انجینئر نے بھی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کوئی اعتراض نہیں سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر دیا۔
ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ کے سپرنٹینڈنگ سرویئر تشار ویشیہ نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کو خط لکھ کر گزٹ نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کی معلومات وزارت داخلہ، سرویئر جنرل آف انڈیا کے دفتر، ویسٹرن ریجن، جے پور اور پونے ڈائریکٹوریٹ کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔