Nov ۰۹, ۲۰۲۵ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: تاریخی شہر لکھنؤ نے ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرلیا

اقوام متحدہ کی ثقافتی تنظیم یونیسکو نے ہندوستان کے معروف تاریخی شہر لکھنؤ کو گیسٹرونومی (Gastronomy) کے شعبے میں تخلیقی شہر قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اتر پردیش صدر مقام اور تاریخی شہر لکھنؤ نے ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ لکھنؤ کو اس اعزاز سے اقوام متحدہ کی ثقافتی تنظیم یونیسکو نے نوازا ہے۔ یونیسکو نے "نوابوں کے شہر" کے نام سے معروف لکھنؤ کو"گیسٹرونومی کے تخلیقی شہر" کے طور پر تسلیم کیا ہے جو ہندوستان کے لئےایک بڑا بین الاقوامی اعزاز ہے۔

اس اعزاز کا اعلان حال ہی میں سمرقند، ازبکستان میں منعقدہ یونیسکو کی 43 ویں جنرل کانفرنس کے دوران "شہروں کے عالمی دن" یا "ورلڈ سٹیز ڈے" کے موقع پر کیا گیا۔ یونیسکو کے مطابق "چاٹ اور گول گپے سے مکھن ملائی تک اور گلوٹی کباب سے لے کر اودھی بریانی جیسے کھانوں تک، لکھنؤ واقعی منفرد اور لذیذ پکوانوں کا ایک خاص مرکز ہے، جو صدیوں پرانی اودھی روایت سے اب بھی جُڑا ہوا ہے۔ یہ شہر کے متنوع کھانوں کی ثقافت، تاریخی جڑوں اور ذائقوں کے امتزاج کا عالمی اعتراف ہے۔"

قابل ذکر ہے کہ لکھنؤ کے اودھی پکوان جیسے کباب، بریانی، نہاری کلچہ، قورمہ، شیرمال اور زردہ، دنیا بھر میں اپنی خوشبو اور ذائقے کے لئے مشہور ہیں۔ یہ پکوان صرف کھانے نہیں بلکہ ثقافت، تاریخ اور مہمان نوازی کی علامت ہیں۔

یونیسکو کے اس اقدام نے لکھنؤ کو دنیا کے ان چند شہروں کی صف میں کھڑا کر دیا ہے جہاں پکوان اور انہیں بنانا "فن" کے زمرے میں آتا ہے۔ 

ٹیگس