ہندوستان: کانگریس کا ایس آئی آر کے نفاذ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
ہندوستان کی کانگریس پارٹی نےالیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظر ثانی ایس آئی آر کے نفاذ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ ملک گیر انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظر ثانی ایس آئی آر کے خلاف آر پار کی لڑائی کا اعلان کرتے ہوئے دسمبر کے پہلے ہفتے میں دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک زبردست ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے-
کانگریس پارٹی نے ایس آئی آر کو ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی اور نریندر مودی کے کہنے پر کام کر رہا ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ آج بارہ ریاستی کانگریس کمیٹیوں کے صدور اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے ایس آئی آر پر تفصیلی میٹنگ میں شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی کمیٹیوں کے اندر عام احساس یہ ہے کہ الیکشن کمیشن جان بوجھ کر سماج کے بعض طبقات کے ووٹوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بہار میں بھی اس کا مشاہدہ کیا گیا اور اب اسے بارہ ریاستوں میں نافذ کرنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔